ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہاؤزنگ بورڈ کے فلاٹس اورسائٹوں کی فرضی دستاویزات پرفروخت

ہاؤزنگ بورڈ کے فلاٹس اورسائٹوں کی فرضی دستاویزات پرفروخت

Thu, 25 Aug 2016 11:15:31    S.O. News Service

بنگلورو۔24؍اگست(ایس او نیوز)کرناٹکا ہاؤزنگ بورڈ کے چیرمین ایس ڈی ننجنین مٹھ نے الزام لگایا ہے کہ ہاؤزنگ بورڈ کی طرف سے جو فلاٹس اور سائٹس فروخت کی جاتی ہیں وہ تمام کی تمام ہاؤزنگ بورڈ کے افسران فرضی دستاویزات کی بنیاد پرفروخت کرتے ہیں اور ان میں بھاری دھاندلی کی جاتی ہے۔افسران کی لاپرواہی اور رشوت خوری کے سبب لوگوں میں تقسیم کیلئے تیار ہونے والے فلاٹس مفاد پرستوں کے قبضوں میں چلے جاتے ہیں ، صرف یلہنکا ڈویژن کے ایک پراجکٹ کے سلسلے میں 700 فائلس غائب کردی گئی ہیں۔اس سلسلے میں پانچ افسران کو معطل کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کیاگیا ہے۔ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لوک سبھا میں کانگریس لیڈر ملیکارجن کھرگے کے داماد رادھا کرشنا نے یلہنکا میں جو فلاٹ حاصل کیا تھا افسران نے وہی فلاٹ فرضی دستاویزات تیار کرکے کسی اور کو فروخت کردیا ہے۔ اہم شخصیتوں کے ساتھ ہی اگر یہ معاملہ ہے تو مختلف لون وغیرہ لے کر فلاٹ حاصل کرنے والے عوام کے ساتھ ان افسران کا کیا رویہ ہوسکتاہے، یہ اندازہ بخوبی لگا یا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہاؤزنگ بورڈ کے افسران کی لاپرواہی اور ناقص انتظامیہ کی وجہ سے یہ بورڈ سخت مالی مشکلات سے دو چار ہے۔ کسانوں سے جو زمین حاصل کی جاتی ہے اس کا معاوضہ بروقت نہیں دیا جاتا ۔ 375 کروڑ روپیوں کی رقم اب بڑھ کر ان افسران کی لاپرواہی کے نتیجہ میں 1370 کروڑ روپیوں تک پہنچ گئی ہے۔ ہاؤزنگ بورڈ سے جو زمینات اور فلاٹس مستحقین کو دئے جاچکے ہیں وہ بھی ان افسران نے فرضی دستاویزات تیار کرکے دوسروں کو فروخت کردئے ہیں۔ ریاست میں ہاؤزنگ بورڈ کی 1390 سائٹوں اور 371 مکانات کے پراجکٹوں کیلئے درخواست دینے والوں کو اب تک کوئی سہولت نہیں دی گئی ہے۔ یلہنکا میں ہاؤزنگ بورڈ کی طرف سے 700 سائٹوں اور مکانات کے کوئی دستاویزات موجود نہیں ہیں، یہ گھپلہ بے نقاب ہونے کے بعد گھر گھر جاکر دستاویزات یکجا کئے گئے ہیں۔آنیکل کے قریب سوریہ نگر پراجکٹ ہاؤزنگ بورڈ کی طرف سے شروع کیاگیا، اس میں بورڈ کے سابق کمشنر جئے رام نے غیر قانونی طور پر 237 سائٹس تقسیم کردئے ہیں۔ عدالت سے ان سائٹوں کی فراہمی پر روک لگادی گئی ہے۔ یلہنکا میں شاپنگ کامپلکس کی تعمیر کا کام انتہائی سست روی سے جاری ہے، لیکن ہاؤزنگ بورڈ کی طرف سے ہر ماہ اس کیلئے لی گئی رقم کے عوض کروڑوں روپیوں کا سود ادا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہاؤزنگ بورڈ پر عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کیلئے سخت اقدامات درکار ہیں۔


Share: